ویانا (الفجرآن لائن) ایرانی شہزادے کی ساس کا 600 ہیروں والا قیمتی ہار یورپ کے عجائب گھر سے چوری کر لیا گیا۔ویانا میں ایک میوزیم سے 600 سے زیادہ ہیروں سے سجا ایک ہار چوری کرنے والے دو افراد کی تلاش کے لیے بین الاقوامی کارروائی جاری ہے، دونوں افراد نے اس نمائش کا ٹکٹ خریدا تھا جس میں یہ ہار رکھا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں مشتبہ افراد نے ویانا کے میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس میں ہار رکھنے والے شیشے کے کیس کو توڑا اور پلاٹینم اور ہیروں سے بنا ہار لے کر فرار ہو گئے۔واضح رہے کہ چوری ہونے والا ہار مصر کی ملکہ نازلی کا تھا جو انہوں نے 1939 میں اپنی بیٹی فوزیہ کی ایران کے اس وقت کے ولی عہد محمد رضا پہلوی سے شادی کے موقع پر پہنا تھا۔اس ہار میں جڑے ہیروں کا مجموعی وزن 200 قیراط سے زیادہ تھا، خیال کیا جاتا ہے کہ اس ہار کی مالیت 40 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے۔
یہ واردات یورپ کے عجائب گھروں میں نوادرات کی بڑی چوریوں کے سلسلے کی تازہ ترین مثال ہے۔یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں یورپ کے عجائب گھروں میں چوری کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جن میں زیوارات، اور پینٹگز سمیت متعدد نوادرات چرانے کی وارداتیں ہوئیں، اسی تناظر میں اس نمائش میں سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے تھے۔یہ ہار سابق مصری شاہی خاندان کے لیے تیار کیا گیا تھا، یہ مشہور جیولری کمپنی وان کلیف اینڈ آرپلز کی ایک نمائش کا حصہ تھا جو ستمبر تک میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس میں جاری رہنے والی تھی


