یومِ دفاع: مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک فضائیہ نے فرائض سنبھال لیے

کراچی (خطاب نیوز) — یومِ دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لیے ہیں۔

ایئر آفیسر کمانڈنگ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر شاندار پریڈ کا مظاہرہ کر کے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پریڈ میں 72 کیڈٹس پر مشتمل دستے نے حصہ لیا، جس میں 64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔

ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ایک بار پھر اپنی دفاعی صلاحیت ثابت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1965ء کی جنگ ہو یا معرکہِ حق، پاک فضائیہ نے ملکی سلامتی کو ہمیشہ اپنا عزم بنایا اور قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ملکی خودمختاری و وقار پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاک فضائیہ مستقبل میں بھی ملکی سلامتی کے دفاع کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔