سرانان تھانے پر حملہ، دہشت گردی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج

سی ٹی ڈی کی تفتیش شروع، تھانے کے اسلحے، گاڑیوں اور سرکاری ریکارڈ کے نقصانات کا جائزہ


کوئٹہ(خطاب نیوز)پشین کے علاقے سرانان تھانے پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مقدمہ دہشت گردی، چوری اور دھماکہ خیز مواد ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کردیا ہے، جبکہ تھانے کی عمارت، سرکاری ریکارڈ، اسلحے، گاڑیوں اور دیگر سامان کو پہنچنے والے نقصانات اور گمشدگی کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق 20 اگست کو سرانان تھانے کو کالعدم تنظیم کے مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنا کر تباہ کیا تھا، تاہم واقعے میں ملوث کسی ملزم کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔