اسلام آباد (خِطاب نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی صدارت میں ایوانِ صدر میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی مشاورت شروع ہو گئی ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے امور اور وہاں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بڑے اور اہم فیصلے کیے جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
خِطاب نیوز کے مطابق، ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ اس اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید نوید قمر، سینٹر شیری رحمان اور دیگر اہم شخصیات شریک ہیں۔ اس اعلیٰ سطحی بیٹھک میں خیبرپختونخوا میں عسکریت پسندی کے مکمل خاتمے اور علاقے کی امن و امان سے جڑی دیگر انتظامی و سیاسی تدابیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس اجلاس سے ذرا قبل وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کر کے انہیں عمرہ کی مبارکباد دی تھی اور ایوانِ وزیراعظم آنے کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ اس رابطے کے دوران مولانا فضل الرحمان نے بھی خیبرپختونخوا کی حکومت اور وفاق کے مابین موجود سیاسی کشیدگی کو کم کرنے اور افہام و تفہیم پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔


