حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات، مولانا فضل الرحمن ثالثی کے لیے متحرک

اسلام آباد (خطاب نیوز) — حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین جاری مذاکراتی عمل میں پیدا ہونے والے ڈیڈلاک کو ختم کرنے کے لیے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے باضابطہ طور پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن دونوں نے مولانا فضل الرحمن کو ثالث کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے، جس پر انہوں نے فریقین کو اپنی بنیادی شرائط سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ پہلے مسئلے کے حل میں فریقین کی سنجیدگی کا جائزہ لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی اور حکومتی وفود سے ملاقاتوں کے دوران اس بات پر زور دیا کہ مخلصانہ کوششوں سے اب بھی سیاسی تعطل کا راستہ نکالا جا سکتا ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ڈیڈلاک برقرار رہنے اور طاقت کے استعمال کی صورت میں حالات انتہائی خراب ہو سکتے ہیں۔ دونوں فریقین کے مثبت جوابات کی روشنی میں جلد ہی وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ایک اہم ملاقات کا بھی قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔