اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان مکمل، کثیرالجہتی نظام سے وابستگی کا اعادہ

اسلام آباد (خطاب نیوز) — اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کا دورہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے، اور وہ اسلام آباد سے اپنے وطن کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل کا یہ دورہ اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں اور عالمی سطح پر کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا واضح مظہر ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ انتونیو گوتریس کا یہ دورہ ان کی بصیرت افروز قیادت اور عالمی امن و ترقی کے لیے انجام دی جانے والی گراں قدر خدمات کے اعتراف کا بھی عکاس ہے۔ پاکستان نے اس موقع پر ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ عالمی امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا اور کثیرالجہتی سفارت کاری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔