رحیم یار خان (خطاب نیوز) — رحیم یار خان کی بستی کمام جمالدین والی کے رہائشی عرفان نے پولیس کو دی جانے والی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ اس کی بتیس سالہ کزن آصفہ کو اس کے شوہر امجد نے گھریلو ناچاقی پر زبردستی زہر پلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ مقتولہ آصفہ بی بی اپنے شوہر کے ہمراہ لاہور میں رہائش پذیر تھی جہاں یہ پرُسرار واقعہ پیش آیا، اور ورثا میت کو تدفین کے لیے آبائی علاقے واپس لائے۔
شکایت کے باوجود پولیس نے قتل کی واردات لاہور میں پیش آنے کا عذر پیش کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے سے صاف انکار کر دیا اور ورثا کو لاہور پولیس سے رابطہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ بعد ازاں، نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقتولہ کو اس کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔


