واشنگٹن (خطاب نیوز) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری تنازع کے حوالے سے سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ کیا جائے یا پھر اس کے خلاف فوجی کارروائی کا راستہ اپنایا جائے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جب ان سے ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے امکان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ ایران کو بمباری کا نشانہ بنایا جائے، تاہم معاہدے کا دروازہ بھی کھلا ہوا ہے اور امریکہ کو ان دونوں راستوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ وقت اب قریب آ چکا ہے اور بہت جلد کسی نہ کسی حتمی صورت میں ایران سے متعلق اس معاملے کا فیصلہ ہو جائے گا۔ امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔


