تہران (خطاب نیوز) — ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی متحدہ عرب امارات میں میزبانی پر شدید تنقید کرتے ہوئے اماراتی حکومت کو خبردار کیا ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق محسن رضائی نے عربی زبان میں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں متحدہ عرب امارات کا براہِ راست نام لیے بغیر کہا کہ جس طرح خطے میں غیر ملکی فوجی اڈوں کی میزبانی سے کسی کو سکیورٹی حاصل نہیں ہوئی، اسی طرح اسرائیلی وزیراعظم کی میزبانی بھی اچھے نتائج کی حامل ثابت نہیں ہوگی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا کہ حالیہ تنازعات اور جنگوں سے عبرت حاصل کی جائے، خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے سے گریز کیا جائے اور ایرانی جزائر سے متعلق تمام بے بنیاد دعوے فوری طور پر ختم کیے جائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے رواں ہفتے کے دوران متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا ہے۔ دوسری جانب، اسی ہفتے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر ایک بار پھر ایران پر تین متنازع جزائر پر قبضے کا الزام عائد کیا گیا ہے جس پر ایرانی مؤقف کی نفی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران ایران اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات میں کشیدگی دیکھی جا رہی ہے، اور ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے بیک وقت حملوں کے بعد دونوں برادر ممالک کے درمیان یہ سیاسی اختلافات مزید کھل کر سامنے آئے ہیں۔


