قومی بچت اسکیموں کی شرحِ منافع میں اضافہ، نئی شرحوں کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (خطاب نیوز) — قومی بچت کی مختلف اسکیموں پر شرحِ منافع میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس پر منافع کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جاری کردہ نئی شرحوں کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ پر منافع انیس بیسس پوائنٹس اضافے کے بعد گیارہ عشاریہ اسی فیصد ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ اور پنشنر بینیفٹ اکاؤنٹ پر شرحِ منافع بارہ بیسس پوائنٹس اضافے کے بعد بارہ عشاریہ بہتر فیصد مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح میں ساٹھ بیسس پوائنٹس اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی شرح گیارہ عشاریہ چھہتر فیصد ہو گئی ہے۔ اسی طرح اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر شرحِ منافع چوہتر بیسس پوائنٹس اضافے کے بعد گیارہ عشاریہ بیاسی فیصد ہو گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تین سالہ سرو اسلامک ٹرم اکاؤنٹ پر منافع کی شرح اکتالیس بیسس پوائنٹس اضافے کے بعد گیارہ عشاریہ ستاون فیصد جبکہ پانچ سالہ سرو اکاؤنٹ پر چون بیسس پوائنٹس اضافے کے بعد شرحِ منافع گیارہ عشاریہ ستر فیصد ہو گئی ہے۔