اسلام آباد / ہلمند (خطاب نیوز) — سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے افغان صوبے ہلمند کے ضلع گرمسیر میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ایک مبینہ میڈیا آپریشن سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے تباہ کر دیا ہے، جبکہ اس کارروائی کے نتیجے میں تنظیم سے تعلق رکھنے والے نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی یکم اکتوبر کی صبح چار بج کر پینتالیس منٹ پر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ مرکز پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مواد تیار کرنے اور پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، اور ہلاک ہونے والے افراد میں شیروان، حذیفہ، فاروق اور حضرت بلوچ نامی افراد بھی شامل ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ یہ کمپاؤنڈ ملا نادر کی ملکیت تھا، جو مبینہ طور پر نیمروز میں طالبان بارڈر فورس کا کمانڈر اور ہلمند و نیمروز میں بی ایل اے کا اہم سہولت کار ہے، اور یہ تمام افراد ایک طالبان کمانڈر کی سرپرستی میں اس مرکز پر موجود تھے۔ ذرائع کا یہ بھی الزام ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف تخریبی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے یہ پروپیگنڈا نیٹ ورک باہر سے چلایا جا رہا تھا۔ تاہم، اس کارروائی اور ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے ان تمام دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔ کارروائی کے بعد سکیورٹی ذرائع نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔


