کوئٹہ کے سول اسپتال میں بڑی کامیابی، رکن اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کی کامیاب اینجیو پلاسٹی

کوئٹہ (خطاب نیوز) — بلوچستان میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے مثبت اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں، اور اب عوام کے ساتھ ساتھ اراکین اسمبلی بھی سرکاری اسپتالوں سے علاج کرانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سول سنڈیمن پروونشل اسپتال کوئٹہ کے شعبہ امراضِ قلب میں رکن صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیرِ صحت میر رحمت صالح بلوچ کی کامیاب اینجیو پلاسٹی کی گئی ہے۔

علاج کے بعد میر رحمت صالح بلوچ نے سول اسپتال میں فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولیات پر بھرپور اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ معیاری طبی سہولیات کی دستیابی سے اب بلوچستان کے عوام کو علاج کی غرض سے دیگر شہروں کا رخ کرنے کی تکلیف اور اضافی مالی اخراجات سے بڑی حد تک نجات مل رہی ہے۔

دریں اثناء، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ سول سنڈیمن پروونشل اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ علاج رکنِ صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کو دوسرے شہروں میں جانے کی زحمت سے بچانا ہے۔ انہوں نے مزید عزم ظاہر کیا کہ سرکاری اسپتالوں میں علاج کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ بلوچستان کا ہر شہری اپنے ہی صوبے میں بروقت اور بہترین طبی سہولت سے مستفید ہو سکے۔