سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، چار دہشتگرد ہلاک

اسلام آباد (خطاب نیوز) — سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع سہراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، اور ہلاک ہونے والے دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران تین دہشتگرد ہلاک کیے گئے اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے اس دوران دہشتگردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن سے لدے ٹرک کو اغوا کرنے یا روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ اور خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اور فورسز نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔