لاہور (خطاب نیوز) — بورڈ امتحانات میں بوگس امیدواروں اور نقل کی روک تھام کے لیے ایک بڑا اقدام سامنے آیا ہے، جس کے تحت اب تمام امیدواروں کا ڈیٹا نادرا سے براہ راست ویریفائی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں لاہور تعلیمی بورڈ اور نادرا کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت طلباء کی رجسٹریشن کے وقت ہی نادرا کے ذریعے آن لائن تصدیق مکمل کی جائے گی۔ چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدر السلام کے مطابق اس جدید نظام کے عمل میں آنے کے بعد اسناد پر تاریخِ پیدائش اور نام کی تصحیح کے لیے طالب علموں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ چیئرمین بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ نادرا سے بائیومیٹرک و ڈیٹا ویریفکیشن کے بعد کسی بھی دوسرے شخص یا جعلی امیدوار کے لیے امتحان میں بیٹھنا ناممکن ہو جائے گا، اور نادرا سے تصدیق شدہ ڈیٹا درج ہونے کے بعد ہی امیدوار کو امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔


