قومی خزانے کے استعمال سے گریز بنگلہ دیشی وزیر اعظم کا سادگی کی انوکھی مثال قائم کرتے ہوئے بہن کے گھر جانے سے انکار

ڈھاکہ (خطاب نیوز) — بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے دوران سادگی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ نیویارک میں اجلاس کے اختتام پر ان کی بہن نے، جو کہ نیویارک سے ایک گھنٹے کے فاصلے پر واقع شہر رچمنڈ میں مقیم ہیں، انہیں اپنے گھر دعوت دی اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔

تاہم، وزیر اعظم طارق رحمان نے قومی فنڈز اور سرکاری دورے کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے اپنی بہن کی دعوت نہایت ادب سے مسترد کر دی۔ انہوں نے فون پر صاف کہاکہ وہ اس بار سرکاری خرچے پر امریکہ آئے ہیں اور قوم کے پیسوں سے ذاتی ملاقات یا دورہ کرنا مناسب نہیں ہے، اس لیے وہ ان سے ملاقات نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ اگلی بار جب بھی آئیں گے تو اپنے ذاتی خرچے پر آ کر ضرور ملاقات کریں گے۔

علاوہ ازیں، دورے کی تکمیل کے بعد طارق رحمان نے کسی بھی شاہانہ پروٹوکول یا اسپیشل طیارے کے بجائے عام مسافر طیارے کی اکانومی کلاس میں عام بنگلہ دیشی شہریوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے وطن واپسی کی، جس کی یہ سادگی سوشل میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا میں شدید تحسین کا مرکز بنی ہوئی ہے۔