دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ قابلِ تحسین ہے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (خطاب نیوز) — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان سمیت نوشکی اور مند میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے تفصیلی اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں کلیئر کیا ہے، جہاں اب تک 33 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے، اور مند میں فتنۃ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔ ان تمام کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا چکا ہے، جو کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے بلوچستان میں کبھی بھی بدامنی پھیلانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے، اور عوام کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے یہ کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔

دریں اثناء، وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاک بحریہ اور اس کی قیادت کو نئی شامل کی جانے والی آبدوز پی این ایس ہنگور کے پہلے کامیاب براہ راست ہتھیاروں کے تجربے پر بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانا پاک بحریہ کی غیر معمولی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور بلند جنگی صلاحیت کا روشن ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور آبدوز کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔