بلوچستان حکومت کا سمارٹ لاک ڈاؤن اور کفایت شعاری کا اعلان، بازاروں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار تبدیل

کوئٹہ (خِطاب نیوز) حکومتِ بلوچستان نے ملک میں توانائی کی بچت اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے سخت کفایت شعاری اقدامات اور نئے اوقاتِ کار نافذ کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

خِطاب نیوز کے مطابق، صوبائی حکومت کے جاری کردہ اعلامیے کے تحت سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے کوٹے میں آئندہ 3 ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری اور تمام غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں، سرکاری سطح پر ہونے والے عشائیوں، سیمینارز اور کانفرنسز پر بھی پابندی ہوگی اور تنخواہوں و پنشن کے علاوہ دیگر تمام سرکاری اخراجات میں 5 فیصد کمی لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات میں ‘ون ڈش’ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔

نئے کاروباری اوقات کے مطابق بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کر دیے جائیں گے، جبکہ میرج ہالز کے لیے رات 10 بجے اور ریسٹورنٹس کے لیے رات 11 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم، عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے فارمیسیز، اسپتال، پیٹرول پمپس اور ڈیری شاپس کو ان پابندیوں سے مکمل طور پر مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ یہ تمام کفایت شعاری اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔