کوئٹہ (خطاب نیوز) بلوچستان حکومت کے محکمہ داخلہ نے صوبے بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 23 ستمبر سے اگلے 30 روز کے لیے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کے جاری کردہ احکامات کے مطابق صوبے بھر میں عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کی نمائش، انہیں ساتھ رکھنے اور ان کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم اس پابندی سے قانونی اجازت یافتہ افراد کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنوں، جلوسوں، ریلیوں اور ہر قسم کے احتجاج پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ احکامات میں اس بات کی بھی سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص چہرہ ڈھانپ کر اپنی شناخت چھپانے کی کوشش نہیں کرے گا۔
حکومت نے پولیس اور تمام ضلعی انتظامیہ کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی ہے، اور واضح کیا ہے کہ ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


