نیویارک (خطاب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن، مالیاتی شمولیت اور زرعی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے رواں ماہ کے اوائل میں گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے صحت عامہ اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا، اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے۔ بل گیٹس نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی جانے والی ذاتی رہنمائی کو بھی سراہا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے شراکت دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے صحت عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اصلاحات میں بیجوں کی تیاری، جدت، بائیوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعدادِ کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے دونوں جانب سے شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے اختتام پر بل گیٹس کو ان کے سابقہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے جلد دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی


