نوشکی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید

نوشکی (روزنامہ خطاب) بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں پولیس اہلکار محمد یاسر اور عبدالرؤف جامِ شہادت نوش کر گئے۔ حملہ آور کارروائی کے بعد شہید اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ٹیموں کا تحفظ ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے دہشت گرد عناصر بلوچستان کے بچوں کے روشن اور صحت مند مستقبل کے دشمن ہیں