ممبئی (روزنامہ خطاب) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کی والدہ اور ماضی کی پلے بیک گلوکارہ کرشنا مکھرجی 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رانی مکھرجی کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دوپہر کے وقت دنیا سے رخصت ہوئیں۔ خاندان کی جانب سے جاری بیان میں مداحوں اور میڈیا سے اس غمزدہ وقت میں نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ آخری رسومات سے متعلق تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کی گئیں۔
کرشنا مکھرجی کا تعلق موسیقی کی دنیا سے تھا اور انہوں نے بطور پلے بیک گلوکارہ کئی نغمے گائے۔ وہ 1982 کی مقبول فلم “تیسری آنکھ” کے گانے “عید کے دن گلے مل لے راجہ” سے خاص شہرت رکھتی تھیں۔ ان کی وفات پر بھارتی فلمی صنعت کی شخصیات اور مداحوں کی جانب سے گہرے دُکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔


