کوئٹہ (خطاب نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی اور غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور 58 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے اپھان کوہ (پروم) میں آپریشن ‘رد الفتنہ 3’ کے تحت دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب، دشت میرانی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 58 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد انسانی اسمگلروں کے ذریعے پاکستان کے راستے ایران اور یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


