کترینہ کیف کی حمایت سلمان خان نام لیے بغیر اداکارہ کے دفاع میں سامنے آ گئے

ممبئی (خطاب نیوز) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی قریبی دوست اور اداکارہ کترینہ کیف کا نام لیے بغیر ان کی حمایت کرتے ہوئے، سوشل میڈیا پر باڈی شیمنگ کرنے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اپنے مقبول ترین شو بگ باس کے دوران بات کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی، لک اور وزن میں تبدیلی پر منفی تبصرے کر کے پیسے کمانا انتہائی گھٹیا سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں بننے کے بعد جسمانی ساخت اور وزن میں تبدیلی ایک قدرتی عمل ہے، اور جب وہ کام پر واپس آئیں گی تو دوبارہ خود کو فٹ کر لیں گی، اس لیے اس وقت انہیں ان کے خاندان کے ساتھ سکون سے رہنے دیا جائے۔

سلمان خان نے خود پر ہونے والی ٹرولنگ کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کی عمر ساٹھ برس ہو چکی ہے، اس لیے وہ ہر وقت اپنی پہلی فلم جیسے نوجوان دکھائی نہیں دے سکتے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ایک تقریب کے دوران کترینہ کیف کی تصاویر پر کچھ صارفین نے ان کے بڑھتے ہوئے وزن پر نا زیبا تبصرے کیے تھے۔