کوئٹہ (خطاب نیوز) بلوچستان خصوصی ترقیاتی اقدام کے تحت صوبے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت ضلع صحبت پور میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے تمام 72 ترقیاتی منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ان ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 60 کروڑ 56 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے تھے، جن کا بنیادی مقصد صحبت پور میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا تھا۔ ان منصوبوں کے ذریعے مقامی آبادی کی دیرینہ ضروریات کو پورا کرنے پر خصوصاً توجہ دی گئی ہے۔
منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کے لیے ضلاعی رابطہ کمیٹی نے مرکزی کردار ادا کیا۔ جبکہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ، سول انتظامیہ اور منتخب نمائندوں نے مشترکہ طور پر تمام کاموں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا۔ یہ منصوبے مقامی آبادی کو بہتر سہولیات فراہم کرتے ہوئے صحبت پور میں ترقی، خوشحالی اور عوام کے معیارِ زندگی کو مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت ثابت ہو رہے ہیں


