تمپ سیکیورٹی فورسز کا خواتین کے لباس میں ملبوس دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، بھاری اسلحہ برآمد

تمپ (خطاب نیوز) سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع تمپ میں کالعدم تنظیم (بی ایل ایف) کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے خواتین کے لباس میں بھیس بدل کر دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد کر لیے ہیں۔

جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کے بعد انہیں نشانہ بنایا گیا۔ برآمد شدہ اسلحے میں مارٹر، آر پی جی، ہینڈ گرینیڈز، آئی ای ڈی ریموٹ کنٹرول اور واکی ٹاکی سیٹس کے ساتھ ساتھ مرد و خواتین کے کپڑے اور راشن بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ نہتے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور دھماکوں کے لیے استعمال ہونا تھا۔ حکام نے اعادہ کیا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔