ژوب (خطاب نیوز) ژوب سنٹرل جیل سے سپریم کورٹ کے جعلی احکامات کے ذریعے منشیات کے مقدمات میں سزا یافتہ دو مجرموں کی غیر قانونی رہائی کا انکشاف ہوا ہے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سٹی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت تین اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مجرم عبدالسلام (ساکن نصیر آباد) اور مجرم امان اللہ (ساکن کچلاک کوئٹہ) منشیات کے مقدمات میں 25، 25 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے، جنہیں جعلی عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق سپریم کورٹ کے نام سے جعلی رہائی کے احکامات مغرب کے وقت ایک نامعلوم شخص نے جیل کے گیٹ پر تعینات اہلکار کے حوالے کیے، جس پر غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمل درآمد کر لیا گیا۔
واقعہ سامنے آنے پر غیر قانونی طور پر رہا ہونے والے دونوں مجرموں اور نامعلوم سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب شدید غفلت برتنے پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل حبیب اللہ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور کلرک عبدالجلیل کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ مفرور مجرموں کی دوبارہ گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔


