پی پی پی رہنما شفیق مینگل کے مہمان خانے پر حملہ، 5 افراد جاں بحق وزیراعلیٰ کی مذمت

کوئٹہ (خطاب نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آڑنجی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ممتاز قبائلی شخصیت میر شفیق الرحمان مینگل کے مہمان خانے پر ہونے والے مبینہ دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور میر شفیق الرحمان مینگل کے چار ذاتی محافظوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

میر سرفراز بگٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ “دہشت گرد عناصر صوبے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست ان کے ان شوم عزائم کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کی بے لوث قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن دشمنوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔