پشین اور قلعہ عبداللہ میں فورسز کا مشترکہ آپریشن فتنہ الہند کے 6 دہشت گرد ہلاک، 5 گرفتار

کوئٹہ (خطاب نیوز) بلوچستان پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن کیا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پشین کے علاقوں کلی سلطان، ازرم، دینار اور گیلو کے علاوہ دیگر اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر مواد برآمد ہوا ہے۔ ان کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس مشترکہ آپریشن کی قیادت ڈی آئی جی ژوب رینج، کمانڈر سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی پشین نے کی، جبکہ تمام اہلکاروں نے بہترین رابطہ کاری کا مظاہرہ کیا۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے تمام افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ صوبے بھر میں دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور ‘فتنہ الہند’ و ‘فتنہ الخوارج’ کے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز عزم کے ساتھ جاری رہیں گے۔