وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم اسلام آباد میں سستے پیٹرول کی فراہمی کا آغاز، ایس ایم ایس کے ذریعے ٹوکن حاصل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (خطاب نیوز)وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف اسکیم کے تحت وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو سستے پیٹرول کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے رات گئے اسلام آباد کے مختلف پیٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا اور اسکیم پر عملدرآمد کا خود جائزہ لیا۔ دورے کے دوران سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

معائنہ کے دوران وفاقی وزیر نے پیٹرول پمپس پر موجود شہریوں سے بات چیت کی اور رجسٹریشن کے عمل نیز فیول ریلیف کے حصول میں پیش آنے والے ممکنہ مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے شہریوں کو درست رجسٹریشن کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کامیاب رجسٹریشن کے لیے فراہم کردہ طریقہ کار کو مکمل طور پر فالو کیا جائے اور رجسٹریشن کا عمل صرف ایک بار کیا جائے، اسے بار بار دہرانے کی ضرورت نہیں۔

وفاقی وزیر نے عوام کی رہنمائی کے لیے بتایا کہ پیٹرول پمپ آنے سے پہلے ٹی او کے لکھ کر نو سات سات ایک (۹۷۷۱) پر ایس ایم ایس بھیجیں اور اپنا ٹوکن نمبر حاصل کریں، جسے پمپ پر دکھا کر رعایتی نرخوں پر پیٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اہلیت رکھنے والے رجسٹرڈ شہریوں تک رعایت کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ پمپس پر سستا پیٹرول دینے میں ٹال مٹول یا انکار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت مانیٹرنگ اور کارروائی کا حکم بھی دیا گیا۔

اسکیم کے آغاز پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے کٹھن حالات میں اس ریلیف فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔