کوئٹہ ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کے لیے نو جدید ایمبولینسز فراہم، صوبے بھر میں ڈیجیٹل ٹریکنگ کا اعلان

کوئٹہ (خطاب نیوز) بلوچستان حکومت نے صوبے میں ایمرجنسی ایمبولینس سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ میں میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر (MERC 1122) کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے جدید ترین سہولیات سے لیس 9 نئی ایمبولینسز کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یہ ایمبولینسز حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات کے دوران عوام کو فوری اور بروقت طبی امداد فراہم کریں گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ نئے ایمرجنسی ریسپانس سافٹ ویئر کی مدد سے اب بلوچستان بھر کی ایمبولینسز کی مؤثر ڈیجیٹل ٹریکنگ ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی صورت میں متاثرین کو فوری طبی امداد اور ہسپتالوں تک منتقلی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیرِ صحت کا مزید کہنا تھا کہ جلد ہی بلوچستان کی تمام ایمبولینسز کو MERC 1122 کے مرکزی کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم سے منسلک کر دیا جائے گا۔ اس جدید ڈیجیٹل نظام کی بدولت نہ صرف دور دراز علاقوں میں ہنگامی طبی امداد کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی بلکہ سروسز کی مانیٹرنگ، شفافیت اور رسپانس ٹائم میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔