مستونگ اور پشین میں فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (خطاب نیوز) بلوچستان کے اضلاع مستونگ اور پشین میں سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے مختلف آپریشنز کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں فورسز نے کواڈ کاپٹر کی مدد سے دہشت گردوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اہم کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور ان کی گاڑی تباہ ہو گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشت گرد مارے گئے جبکہ سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار زخمی ہوئے۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور ان کے قبضہ سے اسلحہ و بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔