کوئٹہ (خطاب نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں کے شہریوں نے نئے صوبے کے قیام کی پُرزور حمایت کرتے ہوئے اسے بہتر انتظامی رسائی، متوازن ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم قرار دے دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام معاشی خودمختاری اور ترقی کی ضمانت ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقامی بلوچ طالب علم اور صحافی کا کہنا تھا کہ انتظامی امور میں آسان رسائی کے لیے گوادر اور مکران کو ملا کر نیا صوبہ بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔ اسی طرح گوادر کے مقامی رہائشیوں نے مؤقف اپنایا کہ اس اقدام سے ساحلی علاقوں میں معاشی استحکام آئے گا اور خطے کو معاشی خودمختاری حاصل ہو گی۔
دوسری جانب لسبیلہ، اوتھل اور حب کے شہریوں نے بھی نئے صوبے کی تشکیل کو عوامی فائدے کے لیے ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات اور نئے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔
شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے انتظامی صوبے کے قیام سے عوام کو بااختیار بنایا جا سکے گا اور بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔


