شاہرگ (خطاب نیوز) ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں واقع پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کی کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے خوفناک دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 4 کان کن جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گیس دھماکے کے بعد کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا جس سے کئی کان کن اندر پھنس گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیر کور (ایف سی) اور مقامی شہری انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔
ایف سی اہلکاروں اور انتظامیہ نے کان میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو سیکورٹی حصار میں لے لیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سخت جدوجہد کے بعد 4 کان کنوں کی لاشیں اور 5 زخمیوں کو باہر نکال لیا۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے نزدیک ترین ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔


