کوئٹہ (خطاب نیوز) بلوچستان کے علاقے جیونی میں پاک ایران سرحد کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد مسلح افراد نے گاڑی کو آگ لگا دی اور فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں تحویل میں لیں اور ہسپتال منتقل کر دیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور اپنی موٹر سائیکل موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں، جسے تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق کوئٹہ، خیبرپختونخوا کے علاقے کرک اور پنجاب کے اضلاع لیہ اور شیخوپورہ سے ہے۔ تمام لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔


