کوئٹہ (خطاب نیوز): بلوچستان بھر کی 12 جیلوں میں قیدیوں کی مقررہ گنجائش سے محض 168 قیدی زیادہ موجود ہیں۔ 2757 قیدیوں کی گنجائش کے مقابلے میں اس وقت 2925 قیدی بند ہیں، جبکہ سب سے زیادہ بوجھ کوئٹہ اور گڈانی جیلوں پر ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق کوئٹہ کی سینٹرل جیل میں 470 کی گنجائش کے برعکس 950 اور گڈانی جیل میں 300 کی گنجائش کے مقابلے میں 350 سے زائد قیدی موجود ہیں۔ کوئٹہ جیل میں گنجائش کا مسئلہ حل کرنے کے لیے نئی بیرکس کی تعمیر پر کام جاری ہے، جس کے بعد یہاں 2500 قیدی رکھنے کی گنجائش پیدا ہو جائے گی۔ اس وقت صوبائی جیلوں میں 11 کمسن قیدی بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان میں صورتحال قدرے بہتر ہے۔ ملک بھر کی جیلوں میں 64 ہزار کی گنجائش کے خلاف 1 لاکھ 10 ہزار قیدی بند ہیں، جن میں زیادہ تر انڈر ٹرائل ہیں۔ پنجاب میں 38 ہزار کی گنجائش پر 70 ہزار، سندھ میں 14 ہزار کی گنجائش پر 25 ہزار اور خیبر پختونخوا کی جیلوں میں 11 ہزار 382 قیدی موجود ہیں، جن میں سزا یافتہ قیدیوں کا تناسب انتہائی کم ہے۔


