بلوچستان میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک جنگ جاری رہے گی وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ (خطاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردی کے خلاف سول اور عسکری قیادت مکمل طور پر متفق اور یکسو ہے اور اس معاملے پر کوئی ابہام نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں سینئر صحافیوں اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے کسی صورت بات چیت نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان سے 11 لاکھ افغان مہاجرین سمیت دیگر غیر ملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔

سیاسی اور انتظامی امور پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر بلوچستان میں نئے صوبے بنتے ہیں تو وہ لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں۔ حکومت میں تبدیلی کا فیصلہ سیاسی قیادت نے کرنا ہے، تاہم وہ اپنے منصب پر رہتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے مقابلے میں بلوچستان میں کرپشن میں کمی آئی ہے اور تمام سرکاری محکموں و تعلیمی اداروں میں میرٹ کی بالادستی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ لاپتہ افراد کے معاملے کو بعض اوقات میڈیا پر درست تناظر کے بغیر پیش کیا جاتا ہے۔ دہشت گردی پورے پاکستان کا مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر کوششیں ضروری ہیں۔

اس گفتگو سے قبل وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں صوبائی ترقی، گورننس، معدنیات، سیف سٹی منصوبے اور لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے سے متعلق اہم بریفنگز بھی دی گئیں۔