کوئٹہ (خطاب نیوز)میں کور کمانڈر کوئٹہ اور پاکستان کے میڈیا نمائندگان کے درمیان ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر میڈیا وفد کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران کور کمانڈر کوئٹہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری اقدامات اور درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا وفد نے دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد کیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کا بھی مشاہدہ کیا۔

نشست میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کور کمانڈر کوئٹہ نے واضح کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے سیکیورٹی کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی، اور امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ بلوچستان کا ترقیاتی سفر بھی بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

بعدازاں، میڈیا وفد نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا خصوصی دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی شجاعت کو سراہا۔


