کوئٹہ (خطاب) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ میں سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال اور جعلسازی کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن کو موصول ہونے والی شکایت کے مطابق تحصیلدار، قانونگو اور پٹواری نے ملی بھگت کرکے سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کیا اور ایک قیمتی جائیداد کا غیر قانونی انتقال منسوخ کر دیا۔
تحقیقات کے مطابق عبدالغفار نوتیزئی (تحصیلدار سیٹلمنٹ آفس کوئٹہ) نے نصرالدین (قانونگو) اور عنایت اللہ (پٹواری) کی ملی بھگت سے اصل مالک کو بغیر کسی نوٹس کے 24 مارچ 2023 کو انتقال نمبر 3210 غیر قانونی طور پر منسوخ کیا۔ اس جعلسازی کے ذریعے پرانا انتقال نمبر 2253 بحال کیا گیا جس کے بعد مزید غیر قانونی انتقال نمبر 3296 اور 3313 کا اندراج بھی کیا گیا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ملزمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 408، 409، 420، 467، 468، 471 اور انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران مرکزی ملزم تحصیلدار عبدالغفار نوتیزئی کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی جی اینٹی کرپشن بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ کا کہنا ہے کہ سرکاری محکموں میں بدعنوانی اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


