کوئٹہ (خطاب نیوز): پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ گوادر اور لسبیلہ میں آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کی پروقار اختتامی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
گوادر میں منعقدہ تقریب کے دوران جی او سی گوادر نے پروگرام مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور ان میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اسی طرح لسبیلہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔
اس انٹرن شپ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جدید ابلاغی مہارتوں سے روشناس کرانا اور حقائق کو پرکھنے کا عملی تجربہ فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طالبات کا کہنا تھا کہ “یہ انٹرن شپ مکمل کرنا ایک بڑا اعزاز ہے جس نے ہمارے اندر قومی خدمت کا جذبہ بڑھایا ہے اور ہمیں ملکی مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور حل کرنے کے قابل بنایا ہے۔” انہوں نے اس طرح کے پروجیکٹس کو جاری رکھنے کی بھی درخواست کی تاکہ عوام کو اپنے سوالات کے براہ راست جواب مل سکیں۔ دیگر طلبہ نے بھی اعتراف کیا کہ اس پروگرام کے ذریعے ان میں سچ اور حقائق کو جانچنے کی صلاحیت پیدا ہوئی ہے۔
تقریبات کے اختتام پر معزز مہمانوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ ہو کر پاکستان بالخصوص بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کریں۔


