کوئٹہ (خطاب نیوز) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے دیسی بم بنانے والا 2.9 ٹن (تقریباً 3 ٹن) دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سرپرست یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ 6 ستمبر کو دہشت گردوں نے خاران میں سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکورٹی فورسز نے فوری گھیراؤ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق 7 ستمبر کو واشک کے علاقے میں بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہ پر موثر کارروائی کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آپریشن کے دوران ان کی پناہ گاہ کو تباہ کر دیا گیا۔
سیکورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد علاقے میں سینٹائزیشن آپریشن کیا اور عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


