راولپنڈی (خطاب نیوز): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی پروکسی “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والے 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ 6 ستمبر کو دہشت گردوں نے خاران میں سڑک بلاک کر کے مقامی ٹریفک کو معطل کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اقدام کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیراؤ میں لیا اور شدید مقابلے کے بعد 8 دہشت گردوں کو مار گرایا۔
ترجمان کے مطابق 7 ستمبر کو ضلع واشک میں ایک اور منظم انٹیلی جنس کارروائی کے دوران افواجِ پاکستان نے دہشت گردوں کا ٹھکانہ کامیابی سے تباہ کر دیا، جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا جو آئی ای ڈیز (Improvised Explosive Devices) کی تیاری میں استعمال ہونا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر شرپسندوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔


