فتنہ الہندوستان کا اصل چہرہ فاش: دہشت گردی، عوام دشمنی اور بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ کا باعث قرار

کوئٹہ (خطاب نیوز): سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مسلسل ناکامیوں اور ہزیمت کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار شرپسند تنظیم “فتنہ الہندوستان” کا اصل چہرہ، دہشت گردی، عوام دشمنی اور بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹوں کی صورت میں سامنے آ چکا ہے۔ فورسز سے شکست کے بعد یہ تنظیم آسان ہدف (سافٹ ٹارگٹ) پر وار کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذموم کوششیں کر رہی ہے، جس سے عام بلوچ شہری، مزدور اور تاجر براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق تجارتی سرگرمیوں، ٹرانسپورٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر حملے بلوچستان کے غریب اور محنت کش عوام کو روزگار اور معاشی مواقع سے محروم کرنے کی ایک گہری سازش ہے۔ بیرونی آقاؤں کی سرپرستی میں چلنے والے اس تخریبی پروپیگنڈے اور دہشت گردانہ کارروائیوں کو بلوچستان کے باشعور اور غیور عوام پہلے ہی یکسر مسترد کر چکے ہیں۔

فتنہ الہندوستان کی دہشت گردی سے متاثرہ اور اپنے پیاروں کو کھونے والے لواحقین کا کہنا ہے کہ یہ شرپسند تنظیم نوجوانوں کو اغواء کر کے بے دردی سے قتل کر دیتی ہے۔ حملوں میں شہید ہونے والے معصوم مزدوروں کے اہلخانہ نے فتنہ الہندوستان کو بلوچستان کی معاشی خوشحالی اور امن کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا ہے۔

دفاعی و سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ بھارتی ایماء پر فتنہ الہندوستان کے انتشاری پروپیگنڈے کا بنیادی مقصد بلوچستان میں منفی بیانیے کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو گمراہ کرنا ہے۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز کی پے در پے کارروائیوں اور عوامی آگاہی کے باعث امن دشمن دہشت گرد تنظیم کے عوامی حقوق کے تمام نام نہاد دعوؤں کی مکروہ حقیقت اب کھل کر دنیا کے سامنے آ چکی ہے۔