کوئٹہ کی ماضی کی خوبصورتی بحال کرنے کا فیصلہ، ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 12 منصوبے مکمل

کوئٹہ (خطاب نیوز) — صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی ماضی کی خوبصورتی بحال کرنے اور شہر کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 12 منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں، 7 پر کام جاری ہے جبکہ 5 نئے منصوبے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔

یہ پیش رفت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلٰی سطح کے اجلاس میں سامنے آئی، جس میں شہر کی ترقی، خوبصورتی اور جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تاکید کی کہ نئے مجوزہ منصوبوں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ صوبے کا چہرہ ہے اور اس کی ترقی، خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کوئٹہ کو ایک جدید اور منظم صوبائی دارالحکومت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ کوئٹہ کی تاریخی شناخت اور ماضی کے حسن کو لوٹانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تمام کاموں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور مقررہ وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، اور ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ سڑکوں اور انفرسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ شہر کی تزئین و آرائش پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔