پنجگور (خطاب نیوز) — یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے بلوچستان کے علاقے پنجگور میں ایک شاندار عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجروں، طلبہ اور شہریوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر قومی یکجہتی، اتحاد اور بھائی چارے کا بھرپور اظہار کیا اور شہداء پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
ریلی میں شریک افراد نے ہاتھوں میں بینرز اور قومی پرچم تھام رکھے تھے، جبکہ پاکستان اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی بلند کیے گئے۔ شرکاء نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج پاکستان کا وجود قائم ہے اور قوم آزادانہ زندگی بسر کر رہی ہے۔ شہداء نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرکے قوم پر احسان عظیم کیا، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
شرکاء نے کہا کہ پنجگور کے عوام نے ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر قومی یکجہتی، ملی وحدت اور پاکستان سے والہانہ محبت کا عملی اظہار کیا ہے۔ ریلی میں عوام کے جوش و جذبے نے وطن سے محبت کی بھرپور عکاسی کی۔ پنجگور کے عوام سمیت بلوچستان کے شہریوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔


