مصر: معروف ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو سزائے موت کا حکم

خطاب نیوز: مصر کی عدالت نے منشیات اور غیر قانونی اسلحے سے متعلق ایک سنگین مقدمے میں معروف 39 سالہ ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو سزائے موت سنا دی۔

سنگین الزامات اور عدالتی کارروائی عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان پر منظم مجرمانہ گروہ تشکیل دینے، منشیات کی تیاری اور اسمگلنگ کے لیے خام مال حاصل کرنے، اور بغیر لائسنس اسلحہ و گولہ بارود رکھنے کے الزامات ثابت ہوئے۔ مصری قانون کے مطابق عدالت نے سزائے موت کا فیصلہ سنانے سے قبل مفتی اعظم مصر سے شرعی رائے بھی حاصل کی۔ تاہم، ملزمان کے پاس اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کا حق موجود ہے۔

بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی حکام نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 750 کلوگرام سے زائد منشیات اور اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال برآمد کیا۔ اس کے علاوہ حکام نے منشیات کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والے 2 اپارٹمنٹس سے جدید لیبارٹری کا سامان، غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔

اغوا اور تشدد کے مقدمے میں الگ سزا ایک اور الگ مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے سارہ خلیفہ اور دیگر ملزمان کو ایک نوجوان کے اغوا اور اس پر تشدد کرنے کے جرم میں مزید 5 سال قید کی سزا بھی سنائی ہے۔