موبائل اور انٹرنیٹ کی خرابی پر پی ٹی اے کا بڑا ایکشن ملک گیر مانیٹرنگ کے بعد آپریٹرز کو ہنگامی ہدایات جاری

اسلام آباد (خِطاب نیوز) ملک بھر میں موبائل فون سگنلز اور انٹرنیٹ سروسز کے معیاری نہ ہونے اور صارفین کی مسلسل شکایات پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) مکمل طور پر متحرک ہو گئی ہے। ادارہ نے سروسز کا معیار بہتر بنانے کے لیے ملک گیر فیلڈ مانیٹرنگ کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے ایک ہی ہفتے کے اندر ۱۱۵ ٹیلی کام سائٹس کا تفصیلی معائنہ کیا ہے۔

خِطاب نیوز کے مطابق، پی ٹی اے کے زونل دفاتر کی ٹیموں نے ستمبر کے آخری ہفتے سے اکتوبر کے پہلے ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں قائم موبائل آپریٹرز کے نیٹ ورکس اور ٹاورز کا معائنہ کیا۔ اس جامع معائنے کے دوران لاہور میں سب سے زیادہ ۳۹، کراچی میں ۱۷، اور سکھر میں ۱۶ سائٹس کی جانچ کی گئی۔ اسی طرح راولپنڈی اور ملتان میں ۱۴، ۱۴، جبکہ کوئٹہ میں ۸، ایبٹ آباد میں ۴ اور گلگت میں ۳ ٹیلی کام سائٹس کا تکنیکی جائزہ لیا گیا۔

مانیٹرنگ کے دوران پی ٹی اے کی ٹیموں نے کالز کے معیار، ڈیٹا سروسز کی رفتار، کوریج، اور بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل پاور سسٹمز کی موجودگی کی باریک بینی سے جانچ کی۔ اس موقع پر کال ڈراپ ہونے، نٹ ورک نہ ملنے اور انٹرنیٹ کی سست رفتار جیسے مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی۔ پی ٹی اے کے مطابق، نشاندہی کی گئی فنی خرابیوں کے بعد تمام متعلقہ ٹیلی کام کمپنیوں کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کو بہترین سروسز کی فراہمی تک مانیٹرنگ کا یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔