کراچی (خِطاب نیوز): پاکستان کی لیجنڈری اور سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک تقریب کے دوران اپنی عمر کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں اپنی حقیقی عمر بتانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوتی۔
خِطاب نیوز کے مطابق، ایک حالیہ میڈیا تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ وہ فخر کے ساتھ کہتی ہیں کہ وہ زندگی کی ستر بہاریں دیکھ چکی ہیں اور انہوں نے کبھی بھی اپنی عمر چھپانے کی کوشش نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایک مرتبہ کسی نے ان سے پوچھا کہ وہ بلا جھجھک اپنی عمر کیوں بتا دیتی ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ اب ان کی کوئی فلمیں تو سینما گھروں میں نہیں چل رہیں کہ وہ عمر چھپاتی پھریں۔
اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ خود فخر سے یہ بات کہتی ہیں کہ “ہو گئی میں ستر برس کی، لیکن اگر اس عمر میں بھی کم یا جوان لگ رہی ہوں تو یہ ایک اچھی بات ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ انسان کو اپنی عمر چھپانے کے بجائے اسے تسلیم کرنا چاہیے۔
اپنی صحت اور جسمانی ساخت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ وہ ہمیشہ سے کم وزن کے ساتھ زندگی گزارتی رہی ہیں۔ چونکہ ان کا تعلق پنجاب سے تھا، اس لیے ماضی میں لوگ انہیں اکثر دبلی پتلی اور کمزور کہا کرتے تھے، لیکن اب بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ انہیں اپنی اس جسمانی ساخت کا سب سے زیادہ فائدہ ہو رہا ہے۔


