ویمنز ایشیا کپ، کپتان فاطمہ ثناء پر آئی سی سی نے جرمانہ عائد کردیا

خطاب نیوز: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء پر ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

لیول ون خلاف ورزی اور ڈی میرٹ پوائنٹ آئی سی سی کے مطابق فاطمہ ثناء نے بھارتی بیٹر شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد ان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے غیر مناسب رویہ اختیار کیا تھا۔ اس لیول ون کی خلاف ورزی پر جرمانے کے ساتھ انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ میں ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی کل تعداد 2 ہو گئی ہے۔ کپتان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔

میچ کی صورتحال اور سیمی فائنل کا امکان ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 18.1 اوورز میں صرف 55 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت نے 56 رنز کا ہدف 8.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ تاہم اس شکست کے باوجود پاکستان کے پاس سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع موجود ہے اور وہ اپنا اگلا اہم میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔